بنگلورو،5؍مئی(ایس او نیوز) بنگلور سنٹرل ، نارتھ اور ساؤتھ لوک سبھا انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہورہی ہے۔ گنتی کے لئے شہر کے انتظامیہ کی طرف سے تمام تیاریاں کی گئی ہیں۔ آج بنگلور ضلع کے ریٹرننگ افسر اور بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد نے یہ بات بتائی۔ آج انہوں نے مونٹ کارمل کالج میں بنگلور سنٹرل، سینٹ جوزف انڈین ہائی اسکول میں بنگلور نارتھ اور جئے نگر کے ایس ایس ایم آر وی کالج میں بنگلور ساؤتھ کی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے اسٹرانگ روموں کا معائنہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تینوں اسٹرانگ روموں کے لئے غیر معمولی حفاظتی انتظام کیا گیاہے، اس موقع پر موجود پولیس کمشنر سنیل کمار نے بتایاکہ تمام اسٹرانگ روموں پر 24گھنٹے نگرانی کے ساتھ سی سی ٹی وی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں تاکہ ہر پل کی نگرانی ہوسکے۔ منجوناتھ پرساد نے بتایاکہ گنتی کے ہر مرکز میں 15ٹیبل رکھے جائیں گے، ہر ٹیبل پر ایک افسر اور چار افراد پر مشتمل عملہ متعین رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ گنتی کے لئے جس عملے کو تعینات کیا جائے گا ان کی تربیت 16اور21مئی کو ہوگی۔ 23 مئی کو ہی انتخابی عملے کو بتایا جائے گا کہ انہیں کس ٹیبل پر بٹھایا جارہا ہے۔ منجوناتھ پرساد نے بتایاکہ پہلی مرتبہ بی بی ایم پی کی طرف سے ووٹوں کے گنتی کے مکمل ویڈیو ریکارڈنگ کرائی جائے گی۔ پولیس کمشنر نے بتایاکہ گنتی کے مراکز میں صرف ان لوگوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی جن کے پاس باضابطہ پاس ہو، دیگر کو ہرگز داخلہ نہیں دیا جائے گا۔